12 مئی 2015 - 11:19
نیپال پھر زلزلے سے لرز اٹھا

نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں ایک مرتبہ پھر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ امریکی جیولیوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.3 ہے اور اس کا مرکز ماؤنٹ ایورسٹ کے قریب نامچے بازار کا علاقہ قرار دیا گیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں ایک مرتبہ پھر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ امریکی جیولیوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.3 ہے اور اس کا مرکز ماؤنٹ ایورسٹ کے قریب نامچے بازار کا علاقہ قرار دیا گیا ہے، جبکہ اس کی گہرائی تقریباً 15 کلومیٹر تھی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق زلزلے کے جھٹکے ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی اور بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں بھی محسوس کیے گئے۔

زلزلے کے باعث لوگ خوفزدہ ہوکر گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے، تاہم ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 25 اپریل کو بھی نیپال میں 7.8 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی تھی ۔ اس زلزلے میں 8 ہزار سے زائد افراد ہلاک جبکہ 17 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

نیپال میں تاحال بحالی کی سرگرمیاں جاری ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169